پالیسی میں تسلسل



کسی بھی پالیسی میں تسلسل ہی نتائج حاصل کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے لیکن ہمارے ہاں اکثر نئی پالیسیاں توشروع کی جاتی ہیں لیکن بہت جلد انہیں ختم کر دیا جاتا ہے۔ جس کے باعث ان کے بہتر نتائج لوگو ں تک پہنچ نہیں پاتے بلکہ الٹا نقصان ہو جاتا ہے ۔ مقتدرہ قومی زبان میں بھی گزشتہ برس بہت سے نئے پراجیکٹ شروع کیے گئے جو ایک برس تک بڑی کامیابی سے چلتے رہے۔ان پراجیکٹس سے زیادہ فائدے حاصل کرنے کے لیے ضروری تھا کہ ان منصوبوں میں تسلسل برقرار رہے ۔ ایسا بھی وقت آیا کہ ان منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے رکاوٹ پڑ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیالیکن خوف کا یہ عرصہ عارضی ثابت ہوا اور مقتدرہ میں شروع کیے گئے گزشتہ ایک برس کے دوران تمام منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے مزید وقت مل گیا۔ جس سے نہ صرف پالیسی میں تسلسل آیا بلکہ مقتدرہ سے خیر خواہی کا تعلق رکھنے والے اصحاب نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ اب امید کی جاتی ہے کہ اخبار اردو کا گزشتہ برس ظاہر ہونے والا نیا روپ ، مقتدرہ کی نئی پالیسی کے تحت شائع ہونے والی کتابیں اور شعبہ اطلاعیات کے دیگر منصوبوں سے ہم سب بھر پور استفادہ کر سکیں گے ۔اس سلسلے میں آپ کا تعاون اور رائے ہمارے لیے سب سے قیمتی ہو گی ۔ آپ سب کو رمضان کا بابرکت مہینہ مبارک ہو ۔ آپ سے درخواست ہے کہ اپنی دعاؤں میں ہمیں بھی یاد رکھیے گا ۔ شکریہ



سید سردار احمد پیرزادہ