احساس کی خوشبو از: انور بھٹی

مبصر:منزہ مبین
شعر کی تاثیر ایک مسلمہ شے ہے۔ یورپ اور ایشیا میں کئی ایسی مثالیں کثرت سے ملتی ہیں جن سے شعر کی تاثیر نمایاں ہو جاتی ہے۔ کوئی بھی فرد اچھے شعر سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ انگلستان کی تاریخ کا وہ واقعہ جب ایڈورڈ نے دیلز(Dalz)پر چڑھائی کی تھی لیکن وہاں کے شاعروں کے ولولہ انگیز اشعار کی وجہ سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جس کی بدولت ایڈورڈ کو شدید مشکل کے بعد قبضہ نصیب ہوا تھا اور اس سے وہ بہت متاثر ہوا اور بالآخر تمام شاعروں کو قتل کروانا پڑا۔ اسی طرح شاعر کی ذات میں ہر شے سے متاثر ہونے کا ملکہ ہوتا ہے۔ اس لیے وہ ہر جاندار اور بے جان شے کی حالت بخوبی بیان کر سکتا ہے۔ شعراء حضرات اپنے مضامین کتابوں سے نہیں ڈھونڈتے بلکہ کائنات سے حاصل کرتے ہیں۔ آفتاب ، ماہتاب ، ستارے، صبح و شام، شفق، باغ، پھول، پتے سب اس سے ہم زبانی کرتے ہیں۔ سب اس کے راز دار بن جاتے ہیں، وہ سب پر حکومت کرتا ہے اور ان سے کام لیتا ہے۔ عالم شوق میں وہ پھول ہاتھ میں لیتا ہے تو اس سے کسی اور کی خوشبو آتی ہے۔ مگر ان لاکھوں ، ہزاروں سخن وروں میں چند ایسے بھی ہیں جن کے ہاں وارداتوں کا تلاطم خیز طوفان ہوتا ہے جو سونامی کی طرح سب کچھ چیرتا پھاڑتا آگے بڑھتا چلا جاتا ہے۔ ان کی اس دلیرانہ صلاحیت سے ان کے قارئین بہت متاثر ہوتے ہیں۔
ان سخن وروں میں ایک نام ''انور بھٹی'' کا ہے۔ پہلا مجموعہ مئی ۲۰۰۰ء میں ''ادھ کھلا پھول'' کے نام سے شائع ہوا۔ جس کی اردو حلقوں میں بہت پذیرائی ہوئی۔ اس کے بعد دوسرا عظیم شاہکار''احساس کی خوشبو'' منظر عام پر آیا ہے۔ انور بھٹی کی شاعری میں حسن و عشق کی دنیا آباد نظر آتی ہے۔ ''احساس کی خوشبو''میں انور بھٹی نے تمام واردات اور تجربات بیان کیے ہیں، جو راہ اُلفت میں درپیش آئے۔ ان کی شاعری پر ایک سرخی ہے جو شاید ہی کسی اور غزل گو کے چہرۂ شاعری پر نظر آئے اور یہ سرخی چہرۂ شاعری کو خوبصورت ہی نہیں بناتی بلکہ اس میں وہ عظمت و احترام پیدا کرتی ہے جو غم کی سنجیدگی اور سوزوساز کی درمندحلاوت کا نتیجہ ہے۔ شاعر اپنے زیر نظر شعری مجموعے میں کہیں محبوب کی کج ادائیوں پر شکوے کرتے نظر آتے ہیں۔
مثال کے طو رپر:
ہمیں وفا کے بدلے جفا کے خار ملے
خوش نصیب ہیں جن کو جہاں میں پیار ملے
جن سے اک زمانے سے آشنائی تھی
آج وہ بھی ہم سے نظر چراتے ہیں
فریب دینا ہی جن کی فطرت ہو
لوگ ان سے بھی دل لگاتے ہیں
کہیں کہیں انانیت کا عنصر غالب نظر آتا ہے۔ ہر قسم کے حالات میں محبوب سے وفا کا تقاضا کرتے ہیں۔ حمد و نعت کی روایت سے شروع ہونے والے اس مجموعۂ کلام میں غزلیات ، قطعات شامل ہیں۔ امید ہے کہ انور بھٹی کا زیر نظر شعری مجموعہ ''احساس کی خوشبو'' ادبی حلقہ میں مقبول ہوگا اور ان کا تخلیقی سفر تیز قدمی سے بلندی کی راہوں پر گامزن نظر آئے گا۔
……o……