معروضات
پہلا اداریہ

اخبار اردو کا یہ شمارہ نئے سال کا پہلا شمارہ ہے۔ زیر نظر تحریر اس سال کا پہلا اداریہ ہے۔ سال اور اداریے کی ابتداء میں ہم ادارہ فروغ قومی زبان کی طرف سے سب کو اپنی نیک خواہشات پہنچاتے ہیں۔ گزشتہ برس ادارہ فروغ ِ قومی زبان کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی ہوئی۔ اس سے قبل یہ ادارہ مقتدرہ قومی زبان کے نام سے پہچانا جاتا تھا اور خود مختار حیثیت رکھتا تھا لیکن۱۷ اگست ۲۰۱۲ ء کو مقتدرہ قومی زبان کا نام تبدیل کر کے ادارہ فروغِ قومی زبان رکھ دیا گیا اور اسے خود مختار ادارے کی بجائے وزارت قومی ورثہ و یکجہتی کا ملحقہ شعبہ (Attached Department)بنا دیا گیا ۔امید ہے کہ نیا سال ادارہ فروغِ قومی زبان اور اردو زبان کے لیے بہتر ثابت ہوگا ۔ یہ برس ملک میں انتخابات کا سال بھی ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی تقریریں، اشتہار بازی،منشور اور نعرے وغیرہ زیادہ تر اردومیں ہی ہوتے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ اردو پاکستان کے ہر گوشے کے لیے رابطے کی زبان ہے ۔امیدہے کہ نئے سال میں آنے والی نئی قیادت اردو کوخود بخودحاصل ہونے والے مقام کا احترام کرے گی اور یہ ادارہ بھی اپنے مقاصد کے حصول کی طرف بہتر انداز سے آگے بڑھے گا۔ سال ۲۰۱۳ء کے پہلے شمارے کے اداریے میں صرف نیک امیدوں کا اظہار کرنا مقصود تھا۔ان امید وں میں دعا بھی شامل کرتے ہیں کہ سال ۲۰۱۳ء وطن عزیز کے لیے بہت سی خوشیوں کا پیغام لے کر آئے اور یہ بھی دعا کرتے ہیں کہ سال ۲۰۱۳ ء پوری دنیا میں امن و آشتی کی شروعات کا سال ہو ۔ آمین
سید سردار احمد پیرزادہ