آپ کے اور ہمارے مشترک اہداف
موجودہ جمہوری دور میں مقتدرہ قومی زبان،اکادمی ادبیاتِ پاکستان،اردو سائنس بورڈ،اردو لغت بورڈ،اقبال اکیڈمی اور لوک ورثہ جیسے اداروں کو ایک نئی وزارت’قومی ورثہ و یکجہتی‘ کے تحت کام کرنے کا موقع مل رہا ہے،ہمیں امید ہے کہ ایک طرف یہ تمام ادارے باہمی ارتباط کو بامعنی بنا سکیں گے اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان میں اشاعتِ علم اور فروغِ فن میں متحرک کردار ادا کر سکیں گے اور پاکستان کی ثقافتی اور لسانی پالیسی کی نہ صرف اس کی وضاحت کر سکیں گے،بلکہ عوامی حلقوں میں اس کی تائید اور پذیرائی بھی پا سکیں گے۔
ہم نے چند ماہ پہلے اپنے سامنے مشکل اہداف رکھے تھے،جو رفتہ رفتہ اہلِ علم اور صاحبانِ دل کے تعاون سے آسان ہو رہے ہیں :
الف)’اخبارِ اردو‘ کو ملک بھر میں پہلے مرحلے میں کم از کم ایک ہزارباوقار اور علم دوست قارئین تک پہنچایا جائے،جو اپنے ایثار اور ایفا کا اظہار سالانہ چندہ ادا کر کے کریں،ہمیں خوشی ہے کہ اب تک ہمیں ساڑھے سات سو ایسے دوست میسر آچکے ہیں،زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم جناب سید یوسف رضا گیلانی، چیف جسٹس جناب افتخار محمد چوہدری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین رانا بھگوان جیسی اعلیٰ حکومتی و سرکاری شخصیات کے ساتھ ساتھ ان میں چھ سو سے زائد طالب علم اور استاد ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں انہی کی اعانت سے ہم اسی ماہ باقی ماندہ باذوق احباب بھی تلاش کر لیں گے۔
ب)مقتدرہ کے ویب ورقnla.gov.pk کو دل چسپ،ثروت مند اور معتبر بنایا جا رہا ہے اور بلوچستان کے جوہرِ قابل محبوب بگٹی کی فنی مہارت کے ذریعے ہم برقی رابطے پر ہمہ وقت دستیاب ’اخبارِ اردو‘ کے ساتھ ساتھ اسی ماہ سے انشاء اللہ مقتدرہ کی بعض اہم مطبوعات بھی اربابِ علم کے اشارہ انگشت کے تابع کردیں گے۔
ج)پاکستانی جامعات کے اردو،ابلاغِ عام اور کمپیوٹر سائنس کے شعبوں کے اساتذہ اور طالب علموں کی تخلیقی،فکری اور اختراعی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کرجہانِ اردو میں ذوقِ مطالعہ،ترجمے کی مہارت، نئے خیال کی تشکیل اور ترسیل اور اردو کے برقی پروگراموں کو ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر اور موثر بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے ایک قابلِ فخر کمپیوٹر انجینئر اور ماہرِ لسانیات ڈاکٹر سرمد حسین کے تعاون سے نہ صرف پاکستان کی منتخب یونیورسٹیوں میں لسانیات کے لئے نئے نصاب کی تیاری،اساتذہ کی تربیت اور کتب کی ترتیب و تدوین کا ایک قابلِ عمل پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے بلکہ اردو لغت بورڈ کے ۲۲ جلدوں پر محیط تاریخی کام کو بھی برقی رابطے پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
د) فرہنگستانِ زبان و ادبِ فارسی تہران اور آستانِ قدس مشہدکی حکیمانہ قیادت اور مقتدرہ کے نو تشکیل شعبہ فارسی کی اعانت کرنے والے فارسی،اردو اور سائنس کے اساتذہ کی مدد سے سائنسی اصطلاحات کے ترجمے کے ساتھ ساتھ فارسی اردو لغات،تقابلی ادبیات اور اردو زبان کی تکوین سے متعلق فارسی دستاویزات کی تدوین کے کام کا آغازکر دیا گیا ہے۔
ھ)مقتدرہ قومی زبان میں ہونے والے علمی کاموں کو پاکستان کی تمام زبانوں کی اشاعت و ترقی کے لئے قائم ہونے والے اداروں کے تعاون سے قومی شعور اور قومی ثقافت کا حصہ بنانے کے لئے باہمی ارتباط کو موثر اور نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے۔
آپ کی فکری اور عملی شرکت سے ہمارا ادارہ ایک سرکاری جزیرہ نہیں رہے گا،قومی دھارے سے منسلک رہے گا۔
انوار احمد