English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

26دسمبر2011ء

پریس ریلیز

فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول نیگائل کیمپس گوجرخان کا مطالعاتی دورہ


گزشتہ روز فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول نیگائل کیمپس کے طلبا ء و طالبات نے اپنے اساتذہ کے ہمراہ مقتدرہ قومی زبان کا علمی و مطالعاتی دورہ کیا جس میں طلبہ اور اساتذہ نے مقتدرہ قومی زبا ن کے سکالروں اور افسران سے ملاقات کی۔ ایک تقریب کے دوران اور اساتذہ نے اردو زبان کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ علامہ اقبال سمیت مختلف شعراء کے اشعار پڑھے اور قومی زبان کی ترقی کے لیے نئی نسل کی حیثیت سے ذمہ داری نبھانے کا عہد کیا۔ اس موقع پر مقتدرہ قومی زبان کے صدرنشین ڈاکٹر انوار احمد کی جانب سے طلبہ میں کتابوں کے تحائف تقسیم کیے گئے۔ سیکریٹری مقتدرہ سرفراز طارق اور ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر راشد حمید نے طلبہ کے وفد کو مقتدرہ میں خوش آمدید کہا اور ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ مقتدرہ میں قائم شعبہ اطلاعیات کے انچارج محبوب بگٹی نے اردو اطلاعیات کے حوالے سے طلبہ اور اساتذہ کو آگاہ کیا۔ مقتدرہ کے ترجمان اخبار اردو کے حوالے سے بھی طلبہ کو تعارف کرایا گیا۔ طلبہ اور اساتذہ نے اردو اطلاعیات اور اخبار اردومیں بڑی دلچسپی کا اظہار کیا بعد ازاں وفد نے مقتدرہ کی لائبریری ، کتاب گھر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ وفد کی سربراہ اور سکول کی پرنسپل آسمہ شوکت نے ڈاکٹر انوار احمد اور مقتدرہ کے تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ طلبہ کے اب تک ہونے والے علمی و مطالعاتی دوروں میں سے مقتدرہ کا دورہ بہترین اور یادگار ہے جس سے طلبہ نے بہت کچھ سیکھا۔


(جاوید اختر ملک)
مشیر ابلاغ عامہ

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں