English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

۲ اگست ۲۰۱۲ء

پریس ریلیز

مقتدرہ قومی زبان اسلام آباد اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے تعاون سے ڈاکٹر تاش مرزا کی مرتب کردہ 'اُردو روسی لغت ‘ کی تقریب رونمائی اکیڈمی آف سائنسز کی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی ۔ صدرنشین مقتدرہ ڈاکٹر انوار احمد نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تاش مرزا تیس برس سے اس لغت پر کام کر رہے ہیں۔ اس لغت سے پہلے مقتدرہ کی ایک اور لغت اُردو ۔ازبک لغت بھی ڈاکٹر تاش مرزا کے تعاون سے شائع کرچکا ہے اور روسی اُردو لغت کے بعد مقتدرہ اُردو فرانسیسی لغت بھی جلد شائع کررہا ہے اور تمام شائع شدہ لغات کو جلد آن لائن کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاش مرزا سے ان کی رفاقت ۳۰ سال پر محیط ہے اور وسط ایشیا کی ریاستوں سے پاکستان کا ثقافتی رشتہ صدیوں پرانا ہے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اعلان کیا کہ وہ اس لغت کی سو کاپیاں خرید کر نمل یونیورسٹی یا دیگر درس گاہوں ،جہاں روسی زبان یا بین الاقوامی امور میں دلچسپی رکھنے والے شعبہ جات کو تحفے میں دیں گے تاکہ طالب علم اور دیگر افراد اس لغت سے استفادہ کرسکیں اور انھوں نے پاکستان کے مخیر حضرات سے اپیل کی اس طرح کے منصوبوں کے لیے علمی اداروں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب جمال نے کہا کہ تاش مرزا نے اُردو روسی لغت تیار کر کے ایک عظیم کام سرانجام دیا ہے اور اس طرح کے علمی کاموں کو اور آگے بڑھایا جائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تاش مرزا نے کہا کہ میرے لیے یہ خوشی کا لمحہ ہے کہ اُردو روسی لغت شائع ہوچکی ہے اور اس لغت کا مکمل ہونا میری زندگی کا مقصد تھا اور میں مقتدرہ قومی زبان کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ اس ادارے کے افراد نے اس لغت کی تیاری میں میری ہر ممکن مدد کی ہے اور اس لغت سے روسی زبان کو سمجھنے اور اس پر کام کرنے میں اب اور آسائی پیدا ہوگئی ہے۔ تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی گریجویشن فرام رشیا اور CISکے جنرل سیکرٹری افتخار علی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر تاش مرزا کو پھولوں کا گلدستہ اور کتب کے تحائف پیش کیے گئے ۔ تقریب سے سفیر ازبکستان ، ڈاکٹر نجیب جمال ، زیڈ اے قریشی، ڈاکٹر انور نسیم ، اسلم اظہر ،جنرل سیکرٹری پاکستان اکیڈمی آف سائنسز ڈاکٹر میانہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر راشد حمید نے سرانجام دئیے۔

(جاوید اختر )
مشیر ابلاغ عامہ
051-4863394

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں