English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

۲۸ مئی ۲۰۱۸ء

پریس ریلیز

شعبہ خطاطی کا آغاز اسلامی خطاطی کے عظیم ورثے کے احیاء کا باعث ہوگا۔ عرفان صدیقی


ادارہ فروغ قومی زبان میں قائم ہونے والا شعبہ خطاطی ہمارے مسلم ورثہ کے فروغ کا باعث بنے گا۔ یہ بات مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی زبان میں شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انھوں نے کہا کہ خطاطی کا علم مسلمانوں کی نمایاں میراث ہے جو عدم توجہی کا شکار رہی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ جب انھوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا چارج سنبھالاتو ان کی یہ خواہش تھی کہ مسلمانوں کے خطاطی جیسے عظیم ورثے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈویژن کے وفاقی سیکریٹری انجینئرعامر حسن، جائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے بھرپور تعاون کیا اور آج شعبہ خطاطی کا آغاز ہورہا ہے۔ اس میں مختلف مدت کے خطاطی کے کورس ہوں گے جن سے بچے، نوجوان، خواتین، مرد، ہر طبقہ فکر اور ہر عمر کے افراد فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور خطاطی کے اساتذہ و طالب علموں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی زبان کے افسران و عملہ کو شاباش دی اور ان کی علمی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور ڈویژن کے سیکریٹری اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کی طرف سے عرفان صدیقی کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

سید سردار احمد پیرذادہ
ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد

 

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں