English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

۲۴۔ نومبر ۲۰۱۱ء

پریس ریلیز 

مقتدرہ کے چیئرمین ڈاکٹر انوار احمدکا دور

مقتدرہ قومی زبان کے صدر نشین ڈاکٹر انوار احمد ایران کے دورے سے واپس پاکستان پہنچ گئے ۔ صدر نشین مقتدرہ نے اپنے دورہ ایران میں فرہنگستان زبان و ادب ایران کے چیئرمین جناب ڈاکٹر غلام علی حداد عادل اوربورڈ آف گورنرزکے ممبران سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے بتایا کہ فرہنگستان زبان و ادب میں ۱۵ شعبے تحقیقی اور علمی کام کر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ مقتدرہ کے ساتھ مل کر علمی اور تحقیقی کام کو آگے بڑھایا جائے ۔ ڈاکٹر انوار احمد نے تہران یونیورسٹی کے شعبہ اردو کا دورہ بھی کیا ، طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور ایک علمی لیکچر بھی دیا ۔ ڈاکٹر انوار احمد نے تہران یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور طلباء کو مقتدرہ کی کتب کا ایک سیٹ بھی تحفہ میں دیا اور پیشکش کی کہ اردو کے حوالے سے مقتدرہ کی شائع شدہ جتنی کتب طلباء یا اساتذہ کو ضرورت پڑیں تو مقتدرہ اعزازی طور پر فراہم کر ے گا ۔
صدر شعبہ اردو تہران یونیورسٹی نے کہاکہ تہران یونیورسٹی میں اردو چیئر پر جلد از جلد پاکستانی استاد کا تقرر کیا جائے ۔ ڈاکٹر انوار احمد نے اپنے دورہ کے دوران آستان قدس کے سربراہ سے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں طے پایا کہ آستان قدس نے جن سائنسی و تکنیکی اصطلاحات کا انگریزی سے فارسی میں ترجمہ کیا ہے اس کا اردو زبان میں ترجمہ مقتدرہ کر ے گا اور بعد ازاں اسے تینوں زبانوں میں شائع کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر انوار احمد نے ناشرانِ اسلام(Publishers Of Muslim World ) کی دو روزہ کانفرنس میں بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انوار احمد نے کہاکہ ایسے موقعہ پر جب مغرب عالمٍ اسلام کے حوالے سے یہ تاثر دے رہا ہے کہ فکری سطح پر کوئی قابلٍ رشک خیال یا تحریک اس کے دامن میں نہیں وہاں ۱۰۰ سے زائد پبلشرز کا اجتماع ایک فیض رساں یا قابلِ رشک لمحہ ہے اور تجویز دی کہ زبانوں ، کتب کے موضوعات اور علاقوں کے حوالے سے چھوٹے چھوٹے گروپ بنا کر علمی اور اشاعتی ربط کو بڑھایا جا ئے ۔ اس تقریب میں پاکستان سے قلات پبلیشرز کے میجر نذر حسین اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر مظہر اسلام نے بھی شرکت کی ۔ 

( جاوید اختر ) 
مشیر ابلاغٍ عامہ

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں