English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

پریس ریلیز

ادارہ فروغ قومی زبان میں شعبہ خطاطی کا قیام دسمبر میں ہوگا۔عرفان صدیقی

اسلام آباد۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فن خطاطی ہمارا سلامی ورثہ ہے۔ اس کے تحفظ کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے۔ وہ ادارہ فروغ قومی زبان میں ’’شعبہ خطاطی‘‘ کے قیام کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام شعبہ خطاطی کے قیام کا باقاعدہ اعلان دسمبر کے پہلے ہفتے میں کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل عرفان صدیقی نے ڈویژن کے سیکریٹری انجینئرعامر حسن ،جائنٹ سیکریٹری جنید اخلاق اور دیگر افسران کے ہمراہ ادارہ فروغ قومی زبان میں شعبہ خطاطی کے قیام کے سلسلے میں ادارے کا دورہ کیا۔ ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے کہا کہ ادارے کے زیر اہتمام فن خطاطی کی کلاسیں گزشتہ دو سال سے جاری ہیں جس سے بے شمار خواتین و حضرات اور گرمیوں کی چھٹیوں میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد مستفید ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ادارے کے زیر اہتمام شعبہ خطاطی کے قیام سے لوگوں میں دلچسپی بڑھے گی۔ ادارے کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تحسینہ جہان اور ڈاکٹر کمال غنی نے شعبہ خطاطی کے قیام کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ اس موقع پر عرفان صدیقی اور انجینئر عامر حسن نے شعبہ میں جاری خطاطی کی کلاس کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں ادارے کے خطاط ناصر خان سیماب کا بنا یا ہوا خطاطی کا نمونہ عرفان صدیقی اور انجینئر عامر حسن کو پیش کیاگیا۔

سید سردار احمد پیرزادہ
مدیر اعلی ماہنامہ اخبار اردو
ادارہ فروغ قومی زبان،اسلام اباد
مورخہ:20نومبر2017

 

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں