English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

مورخہ ۱۷۔ جنوری ۲۰۱۲

پریس ریلیز

مقتدرہ قومی زبان کے زیرِ اہتمام کتاب فِن لینڈ : سماجی اختراعات کی تقریبِ رونمائی

مقتدرہ قومی زبان ، اسلام آباد میں محمد ارشد فاروق( امیگریشن قونصلر، فن لینڈ ) کی ترجمہ شدہ کتاب فِن لینڈ : سماجی اختراعات کی تقریب رونمائی منعقدہوئی ۔ تقریب کی صدارت ممتاز شاعر اور دانشور جناب افتخار عارف نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ال کاتائی پالے تھے ۔ تقریب کے دیگر مقررین میں مقتدرہ قومی زبان کے صدر نشین ڈاکٹر انوار احمد، کامران کاظمی ، محمد ارشدفاروق ، عامر ابراہیم ، حمیرا اشفاق ، ڈاکٹر اسد فیض ، سید سردار احمد پیرزادہ اور اِرکی سیپا نن شامل تھے ۔کتاب کے مترجم محمد ارشدفاروق نے کہا کہ یہ کتاب میرے لیے انتہائی دلچسپ تجربہ ہے ۔ سماجی موضوعات ، سماجی مسائل ، سماجی برائیوں اور انسانی زندگی سے جڑی ہوئی روز مرہ ضروریات میرے موضوعات ہیں ۔ ڈاکٹر انوار احمد نے تقریب کے شرکاء اور مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ارشد فاروق کی کتاب فِن لینڈ شناسی کے حوالے سے اردو زبان میں ایک اہم اضافہ تصور کیا جانا چاہیے اور ہم اپنے اِس پاکستانی بھائی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس طرح کا علمی اور تحقیقی ترجمہ کیا ۔جناب افتخار عارف نے کہا کہ کتاب فِن لینڈ : سماجی اختراعات میں مترجم نے فن لینڈ کی تہذیب و معاشرت کو ایک ’’ مسافر‘‘کی نظر سے نہیں ایک ’’ مقیم ‘‘ کی حیثیت سے دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب فِن لینڈ کی تاریخ، جغرافیہ ، معاشرت ، ثقافت اور مستقبل کی آئینہ بندی کرتی ہے ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اِل کا تائی پالے نے کہا کہ یہ کتاب سنجیدگی اور تفریح دونوں کا احاطہ کرتی ہے ، اس میں ایک سو سے زیادہ سماجی جدتوں کا ذکر کیا گیا ہے جنہیں اِن مصنفین نے ایجاد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نئی تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا اور آئندہ ایڈیشنوں میں اُن کو شامل کیا جائے گا ۔

( جاوید اختر )
مشیر ابلاغِ عامہ

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں