English اُردو        
  رابطہ اغراض و مقاصد تعارف سرورق

16-03-2012

پریس ریلیز

علامہ اقبال نے ڈیڑھ سو برس پہلے افغانستان کو’’ ہارٹ آف ایشیا‘‘ کہا تھا۔ عرفان صدیقی

اسلام آباد۔ادارہ فروغ قومی زبان (مقتدرہ)کے زیر اہتمام ممتاز محقق اور اقبال شناس ڈاکٹر ایوب صابر کے اعزاز میں ’’تقریب پذیرائی‘‘ ادارہ فروغ قومی زبان میں منعقد ہوئی۔جناب عرفان صدیقی (مشیر برائے وزیراعظم ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن) نے صدارت کی۔ ممتاز محقق، دانشور اور اقبال شناس پروفیسر فتح محمد ملک مہمان خصوصی تھے۔ افتخار عارف(ڈائریکٹر جنرل)،ڈاکٹر ایوب صابر،ڈاکٹر طالب حسین سیال، ڈاکٹر زاہد حسن چغتائی، ڈاکٹر راشد حمید، پروفیسر ریاض احمدنے اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ تقریب کی نظامت ممتاز شاعر محبوب ظفر نے کی۔تقریب کے صدر عرفان صدیقی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت اتنی ہمہ جہت اور اتنی آفاقی ہے کہ اسے پرکھنے پر آجائیں تو نہ جانے کتنے پہلو نکلیں گے۔ علامہ اقبال نے خود اپنے بارے میں کہا تھاکہ اقبال بھی اپنے آپ سے آگاہ نہیں۔ علامہ اقبال کی ساری جہتیں ہمہ گیر ہیں۔ ان کا تجزیہ اور جائزہ لینا بہت مشکل ہے۔ اس کے لیے بہت سارے زمانے چاہئیں۔علامہ اقبال نے برسوں پہلے افغانستان کے بارے میں کہا تھا کہ اگر ایشیا میں بے چینی ختم کرنی ہے اور امن لانا ہے تو افغانستان میں امن لانا ہو گا۔علامہ اقبال نے ڈیرھ سو برس پہلے ہی افغانستان کو’’ہارٹ آف ایشیا‘‘کہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں ان کے افکار اور فنی حوالے سے ان کا ثانی آنا بہت مشکل ہے۔ علامہ اقبال کی فکر ہمارے لیے ایک مثال کا درجہ رکھتی ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے آپ کو پوری طاقت سے منوایا۔عرفان صدیقی نے ڈاکٹر ایوب صابرکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کم وسائل اور تنہائی کے گوشوں میں بیٹھ کر اقبال پر ایسا کام کیاکہ جو اداروں کے کرنے کا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز محقق پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ اقبال جاگیر ادارنہ نظام کے خلاف اور زرعی اصلاحات کے حامی تھے ۔ علامہ اقبال زمین کو اللہ کی ملکیت سمجھتے تھے۔ ادارہ فروغ قومی زبان ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے کہا کہ ڈاکٹر ایوب صابر نے اپنی کتابوں میں نہ صرف افکار اقبال کو اجاگر کیا ہے بلکہ اقبال کے معترضین کو بھرپور جواب بھی دیا ہے۔صاحب تقریب ڈاکٹر ایوب صابر نے کہاکہ علامہ اقبال نے روحانی تعبیر وحیات کا تصوراور سیکولرو انتہا پسندی کا توڑ پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ اگر دنیا میں امن قائم کرنا ہے تو ہمیں علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی پرعمل کرنا ہو گا۔ڈاکٹر زاہد حسن چغتائی نے کہا کہ ڈاکٹر ایوب صابر نے ایک فرد ہو کر ادارے سے بھی بڑا کام کیا۔تقریب میں ڈاکٹر ایوب صابر نے اپنی مطبوعات عرفان صدیقی کو پیش کی۔
سید سردار احمد پیرزادہ
مدیر اعلی ماہنامہ اخبار اردو
ادارہ فروغ قومی زبان،اسلام اباد
موبائل:0333-5203905

 
 
جملہ حقوق بحق ادارۂ فروغِ قومی زبان محفوظ ہیں